
فیس بک پابندی ختم
لاہور ہائی کورٹ نے سماجی رابطہ کی مقبول ویب سائٹ ’فیس بک‘ پر پاکستان میں عائد پابندی کو ختم کردیا ہے اور وفاقی حکومت کو ویب سائٹ دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
عدالت نے یہ حکم اسلامک لایئرز موومنٹ کے اس درخواست پر دیا تھا جس میں کہا گیا کہ فیس بک پر پیغمبر اسلام کے بارے میں خاکے بنانے کا ایک مقابلہ ہو رہا ہے اس لیے اس ویب سائٹ پر پابندی لگائی جائے ۔
ہائی کورٹ نےبیس مئی کو توہینِ آمیز خاکوں کے حوالے سے پاکستان میں’فیس بُک‘ تک رسائی پر پابندی عائد کی تھی۔
لاہور ہائی کورٹ کے مسٹرجسٹس اعجاز احمد چودھری نے حکومت پاکستان کو ہدایت کی تھی کہ وہ عدالت کو اس طریقۂ کار کے بارے میں بتائیں جو سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں ویب سائٹوں پر قابل اعتراض مواد کو روکنے کے لیے اختیار کرتے ہیں۔
جسٹس اعجاز احمد چودھری نے فیس بک پر توہین آمیز خاکوں کے بارے میں ایک نئی درخواست پر وفاقی حکومت کو پندرہ جون کے لیے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل ڈپٹی اٹارنی جنرل نوید عنایت ملک کو ہدایت کی کہ درخواست میں اٹھائے نکات پر شق وار جواب پیش کریں ۔
یہ درخواست لاہور کے وکیل اظہر صدیق نے دائر کی جس میں کہا گیا کہ فیس بک مالک کے خلاف مقدمہ توہین رسالت کا مقدمہ درج کیا جائے جبکہ حکومت پاکستان اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھانےکے علاوہ عالمی عدالت انصاف سے بھی رجوع کرے ۔
لاہور سے نامہ نگار عبادالحق کا کہنا ہے کہ پیر کے روز وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی وزارت خارجہ نے عدالتی احکامات کی تعمیل کرتے ہوئے فیس بک پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر امریکی حکام سے احتجاج کیا ہے ۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نوید عنایت ملک نے بتایا کہ پاکستانی سفیر نےامریکی عہدیدار رچرڈ ہالبروک سے ملاقات کر کے انہیں پاکستانی عوام کے جذبات سے آگاہ کیا ہے۔
عدالت کے روبرو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نمائندہ مدثر حسین نے بتایا کہ توہین آمیز خاکوں پر فیس بک کی انتظامیہ کو بھی بارور کروایا جائے کہ اس قسم کے خاکے پاکستان کے قوانین کے مطابق جرم ہیں اور انہیں پاکستان کے قوانین کا احترام کرنا چاہیے۔
حکومتی نمائندے نے بھی بتایا کہ فیس بک کی انتظامیہ کےساتھ باہمی رابطہ رکھنے پر اتفاق ہوا ہے تاکہ مستقبل میں قابل اعتراض مواد کو روکنے کے لیے تدراک کیا جاسکے۔مدثر حسین نے یہ بھی یقین دہائی کرائی کہ آئندہ کوئی قابل اعتراض مواد سامنے آتا ہے تو وزارت انفامیشن ٹیکنالوجی اسے خود روکے گی اور ماضی میں اسے مواد کو بلاک کیا گیا ہے جو قابل اعتراض تھا۔
http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2010/05/100531_facebook_ban_lifted.shtml


0 comments:
Post a Comment